ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انڈین یوتھ کانگریس کا مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج، ’گبر سنگھ ٹیکس‘ واپس لینے کا مطالبہ

انڈین یوتھ کانگریس کا مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج، ’گبر سنگھ ٹیکس‘ واپس لینے کا مطالبہ

Mon, 01 Aug 2022 22:04:27    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) انڈین یوتھ کانگریس نے پیر کے روز ملک بھر میں نافذ کی گئیں جی ایس ٹی کی شرحوں کے حوالہ سے مرکزی حکومت کے خلاف دہلی کے شاستری بھون کے باہر احتجاج کیا۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے کہا کہ حکومت نے اشیائے خور پر پر جی ایس ٹی کی شرح میں اضافہ کرکے عوام کو بہت بڑا تحفہ دیا ہے!

اس معاملے پر سینکڑوں کارکن جمع ہوئے اور ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ یوتھ کانگریس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام پر گبر سنگھ ٹیکس کے حملے کو روکے اور جلد از جلد پالیسیوں میں بہتری لاکر عوام کو راحت فراہم کرنے کا کام کرے۔

اس موقع پر انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر سرینواس بی وی نے کہا کہ گبر سنگھ ٹیکس کے اثر سے عوام پر مہنگائی کی مار پڑ رہی ہے۔ دہی، پنیر، لسی جیسی مصنوعات پر بھی ٹیکس وصولی کر کے مودی حکومت نے بتا دیا ہے کہ اس کا مقصد صرف لوٹ مار ہے، راحت رسانی نہیں! ان کا کہنا ہے ’نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا، خواہ وہ گندم اور چاول ہوں یا دوسرے اناج ہوں۔‘ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا 5 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے کا فیصلہ لوٹ کی پالیسی کا حصہ ہے۔

یوتھ کانگریس کے مطابق مودی حکومت کی پالیسی واضح ہے، لوٹو اور راج کرو، چاہے وہ شمشان گھاٹ کا ٹھیکہ ہو، چاہے وہ سولر واٹر ہیٹر ہو، اسٹیشنری ہو، اسپتال کا کمرہ ہو، ایل ای ڈی بلب ہو، یا پھر بینک چیک ہو سبھی پر عائد جی ایس ٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔


Share: